بلا تاخیر انصاف کی فراہمی میں لاء افسران کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، جسٹس مامون

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے کہا ہے کہ بلا تاخیر انصاف کی فراہمی میں لاء افسران کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور لاء افسران کے ساتھ ساتھ عدالتی عملے کے تعاون سے زیر تصفیہ مقدمات کے فیصلے کم سے کم عرصے میں سنائے جاسکتے ہیں جس سے شہریوں کو عرصہ دراز تک عدالتوں کے چکر کاٹنے سے چھٹکارہ حاصل ہو سکتا ہے اور عدالت عظمی کا مقصد یہی ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر انصاف اور قانون کا بول بالا ہو اور سائلان کی عدلیہ سے توقعات پوری ہوں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو اپنے دورہ راولپنڈی کے موقع پر ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں لاء افسران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری محمد حسین، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سیکریٹری ٹو چیف جسٹس محمد صالح اور پرسنل سیکریٹری شہزاد حسین بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے کہا کہ لاء افسران کی مقدمات کے جلد تصفیے کے لئے شبانہ روز کاوشیں لائق تحسین ہیں اور راولپنڈی کے لاء افسران نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اور قانونی کی حکمرانی قائم رکھنے اور انصاف اور قانون کے تقاضے پورے کرنے میں نمایاں کردار ادا ہے جس پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیشہ وارانہ سہولیات میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن کوششں جار ی ہیں اور اس مقصد کے لئے ترقیاتی منصوبوں کو تیزرفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف شہروں بلکہ دور دراز کے دشوار گذار مقامات اور علاقوں میں بھی لاء افسران اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے مقدمات کی سماعت میں تیزی آئی ہے اور ریکارڈ بعداد میں مقدمات کے فیصلے ہو رہے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہاکہ انصاف کے بغیرکوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور وکلاء بردار ی کے تعاون سے تمام عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کو بلا تاخیرنمٹا نے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی میں بہتری لائی جا رہی ہے، انہوں نے کہاکہ مقدمات کی سماعتوں میں حائل رکاوٹیں دور کر رہے ہیں۔ملاقات میں موجود وکلاء نے اس موقع پر مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ان سے وابستہ توقعات پر پورا اتریں گے…#

اپنا تبصرہ بھیجیں