تمام ایڈیشنل آئی جیز کو تبادلوں اور تقرریوں کے مکمل اختیارات حاصل ہیں، میں بھی مداخلت نہیں‌کر سکتا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) آئی جی سندھڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ 187 تھانوں کی تعمیرنواور تزئین وآرائش کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بقیہ مذید 111تھانہ جات میں بہتری لائی جانیکے عمل کا آغاز جلد ہی ہونے جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سمیت تمام افسران قواعد وضوابط کے پابندہیں۔ تمام ایڈیشنل آئی جیز کو تبادلوں اور تقرریوں کے مکمل اختیارات حاصل ہیں اور آئی جی بھی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئےگئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔تقریب سے بعداذاں کاٹی کے صدر شیخ عمرریحان، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن،سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا،کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے ممبران ندیم خان،دانش خان، سینئرنائب صدر اکرام راجپوت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھاکہ اپنےماتحت افسران کے لیئے کام کرنے کا ماحول بہتر بنانا آئی جی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چندبرسوں میں کراچی میں اغوا برائے تاوان، دہشت گردی اور بھتے جیسے بڑے جرائم پر قابو پالیا گیا ہے جس میں پولیس،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کے ساتھ ساتھ تاجربرادری کا کردار بھی لائق تحسین اور ستائش ہے۔ان کاکہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں صوبے کے بہترین افسران تعینات کیئے گئے ہیں جو فرض شناسی اورانتہائی خوش اسلوبی سے دن رات محنت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پولیس میں اختیارات کو ڈی سینٹرلائزڈ کیا اور آج تمام ایڈیشنل آئی جیز کو تقرریوں/ تبادلوں اور ترقیوں کا مکمل اختیار ہے میں بھی ان کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جارہی ہے جبکہ جرائم کی رپورٹ کروانے کی حوصلہ افزائی پر بھی خصوصی فوکس ہےیہی وجہ ہے کہ جرائم کے اعداد و شمار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔قبل ازیں کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے آئی جی سندھ کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور پیداواری صلاحیت سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی قیادت میں پولیس کی بہترین کارکردگی سے کراچی میں امن و امان کی فضا میں بہتری سے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس کے لیے ہم آئی جی سندھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے بہترین افسران کے انتخاب پر ڈاکٹرسیدکلیم امام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اس موقع پر کہا کہ تاجر برادری پولیسنگ کے معیار میں بہتری کے لیئے کردار ادا کرسکتی ہے اس کے لیے تھانوں کی عمارتوں میں بہتری کے لیے انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کو بھی کردار ادا کرنا چاہیئے۔

سینیٹر عبدالحسیب خان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کی غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے آج ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

زبیر چھایا نے کہا کہ آئی جی سندھ نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہےاور ہماری خواہش ہے کہ صنعتی ملازمین کی تصدیق کے لیے کاٹی میں قائم ہونے والے ڈیسک پر بھی سہولت فراہم کی جائے۔

کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر ندیم خان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری کے لیے رکشہ ڈرائیوروں کو قوانین کی پابند کرنے کی ضرورت ہے۔

دانش خان نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی بہتات سے پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

بعدازاں آئی جی سندھ نے کاٹی میں قائم ہونے والے پولیس کے اسپیشل ڈیسک کا افتتاح بھی کیا۔تقریب میں کاٹی کے سابق صدور زاہد سعید، گلزار فیروز، اکبر فاروقی، احتشام الدین، فرحان الرحمٰن،ایس ایم یحیٰ، طارق ملک، نائب صدر سید واجد حسین، ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی، ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ اور دیگر پولیس افسران اور کاٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں