وفاق نے ریلیف پیکج کے نام پر مہنگائی کو قانونی شکل دے دی ۔سہیل انور سیال

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو ) سندھ کے وزیر برائے آبپاشی، زکوۃ و عشر اور اوقاف سہیل انور سیال نے کہا کہ ریلیف کے نام پر وفاقی حکومت نے مہنگائی کو قانونی شکل دے کر عوام کے ساتھ ایک بار پھر سنگین مذاق کیا ہے ۔نااہل وفاقی حکومت نے عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر دھکے کھلوانے اور انہیں یہاں بلا کر رسوا کرنے کی جو حکمت عملی تیار کی ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے دوستوں کو بچانے کیلئے عوام کو مہنگائی کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ عوام آپ کی اے ٹی ایم مشین اور دیگر فنانسر سے بخوبی آگاہ ہیں ۔جاری کردہ ایک بیان میں سہیل انور سیال نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائشی اقدامات سے عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گے۔سلیکٹڈ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیاں تباہ کن ہیں۔ اقتصادی تباہی کے سنگین اثرات عوام پر مرتب ہو رہے ہیں ۔جبکہ مہنگائی و بیروزگار کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔بجٹ سے قبل منی بجٹ کی باتیں کرکے عوام کو مزید خوفزدہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یو ٹیلیٹی اسٹورز کے نام پر ریلیف پیکیج کی باتیں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔آٹا اور چینی مافیا کے کالے کرتوتوں کو قانونی شکل دی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے مزیدکہاکہ بنیادی ضروری اشیاءکو مہنگاترین کرکے سے وفاقی کابینہ سے منظور کروا کر ریلیف پیکج کا نام دینا ناقابل فہم ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں