ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے شجرکاری ضروری ہے :ڈپٹی کمشنرنواب شاہ

نواب شاہ (ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابرار احمد جعفر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے پودے لگانا ضروری ہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لئے درختوں کی کٹائی کی روک تھام کے لئے معاشرے کےہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئےان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربارہال میں ضلع میں ہونے والی موسم بہارکی شجرکاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ملک و صوبے کو سرسبز بنانے کے لئے ہم سب کواپنے علاقوں میں شجرکاری وپودوں کی حفاظت کریں تاکہ پودے بڑے ہوکر درخت بنیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچا سکیں ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں شریک افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے دفتروں اور علاقوں میں پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی کریں انہوں نے کہا کہ ہرسال پودے لگائے جاتے ہیں لیکن ان کی دیکھ بھال نہ ہونے اور درختوں کی کٹائی کی وجہ سے کہیں پر درخت نظر نہیں آتےڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ موسمی تبدیلیوں اور آلودگی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے بچنے کے لئے درختوں کی اہمیت کے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو آگاہی مل سکے کہ درخت انسانی صحت کے لئے کتنے فائدے مند ہیں انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں درختوں و پھولوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے 27 فروری سے پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے۔اس سے قبل اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر سوشل فاریسٹی عبدالفتاح کھوسو نے بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالے سے ضلع شہیدبینظیرآباد کے سرکاری اداروں کے تعاون سے 50 ہزار پودے لگانے کا ٹارگیٹ مقرر کیا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کی 6 نرسریز میں نیم،شیشم ودیگر مقامی پودوں کے علاوہ دیگر اقسام کے پودے 2 روپے رعایتی نرخ پر موجود ہیں اس موقع پر اجلاس میں شریک تمام آفسران نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دلایا کہ شجرکاری مہم کو یقینی بنانے کے لئے ہم اپنے اپنے اداروں میں پودے ضرور لگائیں گے تاکہ ہمارے ملک سے آلودگی کا خاتمہ ہوسکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا باقائدہ آغاز 24 فروری کو ڈپٹی کمشنر آفیس میں پودہ لگا کرکیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر محکمہ جنگلات کی جانب سے گذشتہ شجرکاری مہم میں تعاون وبہترین شجرکاری کرنے پر ڈپٹی کمشنر ابراراحمد جعفر اور ایکسین ایریگیشن نیازاحمد میمن کو شیلڈ پیش کی گئی ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر معین الدین شیخ،ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن میر نادرعلی ابڑو،ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر حبیب الرحمان آرائیں،تمام اسسٹنٹ کمشنر ز، روینیو،بلدیات اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں