محکمہ تعلیم کےاسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب، کامیاب ٹیموں میں شیلڈز ودیگر انعامات تقسیم

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے طالب علموں کی صلاحیتیں کسی طور بھی کسی سے کم نہیں طالب علموں کی نشوونما اور مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کیلئے نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بالخصوص کھیل ناگزیر ہیں، محکمہ تعلیم کی بہتری ہماری اولین ترجیحات میں سے رہی ہے اسی کے پیش نظر ہم نے ابتدا ہی سے اپنے اسکولوں میں تعلیمی اصلاحات متعارف کرائیں،میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے نہ صرف تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں کیں بلکہ اب تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں جو کہ موجودہ دور کی ضرورت ہے اس میں بھی بچوں کو نجی اسکولوں کے طرز پر پلیٹ فارم فراہم کیا جارہا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے بلدیہ شرقی کے زیر انتظام اسکولز کے سات روزہ اسپورٹس گالاکی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلدیہ شرقی کی جانب سے اسکولوں میں سات روزہ اسپورٹس گالا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے طالب علموں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے گئے ، اختتامی تقریب میں چیئرمین معید انور سمیت وائس چیئرمین عبدالروف خان ، میونسپل کمشنر ایسٹ وسیم مصطفی سومرو، رکن رابطہ کمیٹی زاہد منصوری، اپوزیشن لیڈر بلدیہ شرقی کونسل ذولفقار قائم خانی،چئیرمین ایجوکیشن کمیٹی ندیم خواجہ یوسی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز، ڈائریکٹر ایجوکیشن شیر علی, پارلیمانی لیڈر ایم کیوایم پاکستان محمد غوث سمیت سماجی کارکنان، سی اور سی ممبر اساتذہ اور والدین نے شرکت کی ۔ چیئرمین معید انور نے اس موقع پر مزیدکہا کہ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر محکمہ تعلیم مبارکباد کا مستحق ہے جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب کرایا ، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بچوں سے کہا کہ آپ لوگ ہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں ، اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط کے ساتھ منزل کے راستے کا تعین کریں اور مستقل مزاجی کو اپنی زندگی میں شامل کریں ، وائس چیئرمین عبدالروف نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہورہی ہے کہ ہمارے بچے اتنے باصلاحیت ہیں کہ نہ صرف تعلیم بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی نجی اسکول کے بچوں کے ہم پلہ ہیں،یہ کہنا بیجا نہیں ہوگا کہ بلدیہ شرقی کے اسکول اسوقت نمبر ون ہیں ہیں، اپوزیشن لیڈر ذوالفقار قائمخانی نے اپنے خطاب کے دوران محکمہ تعلیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیاں فراہم ہوتی رہیں تو صحت مند معاشرے کی تشکیل کو روکا نہیں جاسکتا، میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو نے بھی اس موقع پر اسکول کے زیر اہتمام ایونٹ کو سراہا جبکہ تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانےکیلئےہر ممکن کردار ادا کرنے کا کہا، علاوہ ازیں اس موقع پر تقریب کے دیگر شرکاءنے بھی خطاب کیا بعد از اں کامیاب طلبہ و طالبات نے قومی ترانے کے ساتھ ملی نغمے گائے تقریب کے آخر میں چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور و دیگر مہمانان نے اسپورٹس گالا میں کامیاب ٹیموں میں شیلڈز و دیگر انعامات تقسیم کئےـ

اپنا تبصرہ بھیجیں