سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ ایکٹ 2017 کو منظوری کے لئے جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملات کو شفاف طریقے چلانے کے لئے اور ان سوسائٹیز میں بے قاعدگیاں روکنے کے لئے سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ ایکٹ 2017 کو منظوری کے لئے جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں اپنے زیر صدارت محکمہ امداد باہمی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں سیکرٹری کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ عنایت برگھڑی ، رجسٹرار سہیل بلوچ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے معاملات میں شفافیت لانے کے لئے سندھ کوآپریٹو سوسائٹی ایکٹ 2017 کو حتمی شکل دی گئی اور اس
کی شقوں پر تفصیلی بحث کی گئ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز 2017 کی تیاری پر افسران کی شب و روز محنت کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ مذکورہ ایکٹ کے سندھ اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملات میں بہتری آئے گی اور افسران بھی بہتر طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکیں گے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ
سندھ کوآپریٹو سوساٹئیز ایکٹ 2017 کا مقصد کرپشن کی روک تھام کرنا ہے اور رفاعی کاموں کے لئے مختص پلاٹوں کے غلط استعمال کی ہر صورت روک تھام کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسے کو تحفظ دیا جائے گا اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔اگر افسران اور عملہ اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے انجام نہیں دیں گے تو ان کے خلاف بھی سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں