بلوچ قوم اپنی مہمان نوازی، جرأت اور ایفائے عہد کی وجہ سے مشہور ہے۔ قاسم خان سوری

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد بلوچی روایات اور ثقافت کو اجاگر کرنا ہے اور ان روایات کو نئی نسل اور نئے دور کے لوگوں میں ابھارنا ہے ثقافت صرف زندہ قوموں میں زندہ رہتی ہے جبکہ جدید دور کا تقاضا ہے کہ قومیں سائنسی تعلیم پر توجہ مبذول کریں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانا زندہ قوموں کی پہچان ہے صوبہ بلوچستان ایک گلدستہ کی مانند ہے جس میں مختلف اقوام اپنے اپنے خوبصورت رنگوں میں جڑے ہوئی ہیں جو امن محبت یکجہتی اور بھائی چارگی کو فروغ دیتے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ زندہ قومیں ہی اپنی ثقافت کلچر اور رسم ورواج کا پرچار کرتی ہیں جو قومیں اپنی ثقافت اور رسم ورواج کو بھول جاتی ہیں وہ ترقی نہیں کر سکتیں اس لئے ہمیں نوجوان نسل کو اپنی ثقافت رسم ورواج  کی آگاہی کیلئے پروگرام منعقد کرنے چاہئیں۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ برطانوی اور فرانسیسی ماہرین آثار قدیمہ کی سروے ٹیموں نے بلوچ ثقافت کو دنیا میں ایک منفرد، مخصوص اور دوسری قدیم ثقافتوں کے
مقابلے میں مضبوط ثقافت قرار دیا ہے۔ بلوچ قوم اپنی مہمان نوازی، جرأت اور ایفائے عہد کی وجہ سے مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچی خواتین اپنے حسین وجمیل ملبوسات خود تیار کرتی ہیں۔ بلوچ لباس اپنی خو بصورت کڑھائی اور ڈیزائن کے باعث قیمتی اور مشہور ہیں۔ بلوچ مرد بھی اپنے روایتی لباس زیب تن کرکے تلواروں کے سائے میں پر جوش بلوچی رقص پیش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پر شکوہ بلوچ ثقافت دنیا کی توجہ کا مرکز ہے اوربلوچ یوم ثقافت اس کا آئینہ ہے۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم پاکستان اور بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں