پٹرول کی قیمتوں میں پانج روپے کی کمی عوام کے ساتھ ظالمانہ مذاق ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے پیڑول میں فی لیٹر پانچ روپے کم کرنے کو غریب عوام کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے لیکن نااہل وفاقی حکومت نے اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے کے لئے پٹرول کی قیمتوں میں صرف پانچ روپے کم کئے ہیں۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وفاقی حکومت پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرتی تاکہ عام آدمی کی زندگی میں کوئی سکھ کا سانس آتا لیکن لگتا یہ ہے کہ نا اہل وفاقی حکمرانوں نے یہ طے کر رکھا ہے کہ عوام کو کوئی ریلیف نہیں دینا۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومتی دعوؤں کے باوجود اشیاء خوردونوش میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور ابھی بھی آٹا، چینی، دال اور سبزی جیسی روز مرہ ضرورت کی اشیاء غریب عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نہ تو ڈھنگ سے کوئی قانون سازی کررہی ہے اور نہ عوامی مسائل حل کررہی ہے جو قابل افسوس بات ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کے مسائل کے حل کا تہیہ کیا ہوا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبے بھر میں باقاعدگی سے کھلی کہچریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں