یونیورسٹی کے ورکز رولز اور نئے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز بھی متفقہ طور پر منظور

اوکاڑہ (ایچ آراین ڈبلیو) اوکاڑہ یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ نے اپنے بارہویں اجلاس میں نئے اسسٹنٹ اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی بھرتی، 80 ملین لاگت کے نئے اکیڈمک بلا ک کی تعمیر، ورکز رولزاور نئے ایم فل اور پی ایچ پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ساتھ گریڈ 16 تک کے ملازمین کی بھرتی کے لیے سیلیکشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
اس اجلاس کی قیادت ہائیر ایجوکیشن کے صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کی۔ انہوں نے اعلی قابلیت کے حامل اساتذہ کی میرٹ پہ بھرتی اور نئے تعلیمی شعبہ جات اور پروگرامز شروع کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ راجہ یاسر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ یونیورسٹیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ان کے ایکٹ میں بھی اصلاحات کی جائیں گی اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پنجاب میں 6 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا بھی اعلان کیا۔
اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے انتظامیہ کے فیصلوں کی حمایت کرنے پر راجہ یاسر کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی ملک پاکستان کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا ایک ایسا ادارہ ہے جہاں پہ ہم اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ اور انتظامی عملے کو بھرتی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم طلباء میں تخلیقی اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے اور ان کو ایک ذمہ دار شہری بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں سینڈیکیٹ کے 12 کامیاب اجلاس منعقد ہو چکے ہیں اور یہ بات ادارے کی تعلیمی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں