خواتین کا عالمی دن، سیاسی رہنماؤں کا خصوصی پیغام

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ اسلام خواتین کی عزت، احترام اور حفاظت کا درس دیتا ہے۔ لوگ معاشرے پر اپنی مرضی اور سوچ مسلط کرنے کے خواہاں انسانی شعور سے خوفزدہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق اپنے پیغام میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے عورتوں کے عالمی دن پر پاکستان کی ہر عورت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن گزر گئے جب خواتین کو زور اور جبر کے ذریعے خاموش کیا جاتا تھا۔ اب زمانہ تبدیل ہوچکا ہے۔ اب خواتین اپنی قابلیت اور ذہانت سے دنیا میں باوقار مقام حاصل کر رہی ہیں۔ خواتین کے حقوق پر مزید قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے، اس معاملے پر مہذب طریقے سے بات کی جائے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ادھر اسلام آباد عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے سابق رکن اسمبلی عائشہ سید کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے خواتین ونگ کا پریس کلب سے چائنہ چوک تک مارچ کیا گیا۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام نے عورت کو زندہ درگوری سے بچا کر ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کا مقام دیا۔ نبوت کے بعد سب سے بڑا ادارہ عورت ہے جہاں سے ساری انسانیت نے پڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو نہیں بھول سکتے جہاں بھارت نے بربریت کی انتہا کر رکھی ہے اور عالمی برادری خاموش ہے۔ مارچ میں شریک خواتین نے مطالبہ کیا پاکستان میں عورتوں کو وراثت میں حق، ٹرانسپورٹ کا باعزت بندوبست، ملازم خواتین کی مستقلی اور خواتین یونیورسٹیوں کے قیام سمیت تمام آئنی حقوق دیئے جائیں۔واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ قائداعظم کا قول ہے کہ خواتین کی طاقت قلم اور تلوار سے زیادہ ہے۔ تعلیم، ملازمتوں میں یکساں مواقع کی فراہمی پر اتفاق کرتے ہیں۔ خواتین کی ہر جگہ حفاظت اور وراثت میں حصہ یقینی بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں