ہر دن خواتین کی خودمختاری کا دن ہے، فردوس عاشق اعوان

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خاتون کا اسلام میں سب سے زیادہ تقدس ہے۔ ہر دن خواتین کی خودمختاری کا دن ہے۔ نئے پاکستان میں خواتین کی ترقی کے بغیر کوئی شعبہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ معاشرے اور سماجی ترقی میں خواتین کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ دین کی بنیاد سے جڑا ہے اسلام کا ہیغام انسانیت کا پیغام ہے۔ وزیر اعظم کی ریاست مدینہ میں جب تک خواتین خودمختار نہ ہو ریاست مدینہ تک پہنچنے کا تصور ممکن نہیں۔یاد رہے کہ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ خواتین کو تکریم دینے کے لیے اسلام کا ظہور ہوا۔ حضرت خدیجہ رضٰی اللہ عنہا خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔ رحمت اللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے تجارت پیشہ خاتون سے شادی کر کے پیغام دیا اور خواتین کی خودمختاری کا احترام کیا۔ اسلام میں بیٹی کی شکل عورت صبر استقلال کا پیکر ہے۔ اسلام میں بیوی کی شکل میں عورت وفا کی دیوی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں