سندھ رینجرز کی کارروائی، انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان گرفتار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان رینجرز (سندھ) نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیاجن میں امیر نواز، حیدر خان اور سعید محمد شامل ہیں۔تفصیلات مطابق ملزمان کوہاٹ انتظامیہ اورکوہاٹ پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان گرفتاری کے ڈر سے کوہاٹ سے فرار ہو کر کراچی آگئے تھے اورکراچی میں روپوش تھے۔ ملزمان کے خلاف کارروائی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوہاٹ کی درخواست پر کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم امیر نواز، حیدر خان اور سعید محمد ڈکیتی، قتل، اقدام قتل کے ساتھ ساتھ جرائم کی 150 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے 13 فروری 2020 کو کوہاٹ میں UBL بینک کے باہر دوران ڈکیتی مزاحمت پر قطر پولیس کے ملازم فیصل ہارون رشید کو قتل کیا جو کہ چھٹی گزارنے گھر آیا ہوا تھا۔گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی حاجی محمد مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
درج بالاملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے کوہاٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں