وفاقی حکومت کے ہزاروں ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں کابینہ ڈویژن کے سامنے بھرپوراحتجاج

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت کے ہزاروں ملازمین کا اپنے مظالبات کے حق میں کابینہ ڈویژن کے سامنے بھرپور احتجاج کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج مظاہرین نے کابینہ ڈویژن کے سامنے قومی پرچم لہرایا،اس موقع پر مظاہرین نے تنخواہوں میں اضافے کےلئے نعرہ بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو وزارتِ خزانہ سے کابینہ ڈویژن تک مارچ کرینگے اور تنخواہوں میں اضافے کے لئے آخری سانس تک جدوجہد کریں گے۔

مظاہرے کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد دفتر جانے کے لیے وزارت پہنچے تو ملازمین نے ان کی گاڑیوں کو روک لیا۔ملازمین نے وزرا کو کچھ دیر روکے رکھا اور پھر جانے کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ وفاقی ملازمین گذشتہ 23 دن سے تنخواہوں میں اضافے کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ کابینہ نے وفاقی ملازمین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کا بھی جائزہ لیا ہے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے روایت کے برعکس ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا جس سے صوبائی اور وفاقی سطح پر تنخواہوں میں فرق پایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں