تحریک لبّیک یا رسول اللہ ﷺ کے زیر اہتمام لبّیک ورکرز کنونشن کا انعقاد

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبّیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں لبّیک ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن کی صدارت صاحبزادہ محمدامین اللہ نبیل سیالوی نے کی۔ کنونشن میں ضلعی امراء اور ناظمین نے شرکت کی۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا:21مارچ کی کل پاکستان سنی کانفرنس ملک کی فضاؤں کو پرنور کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کارکن فکر مدینہ کا پیغام گلی گلی پہنچائیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے ورکرز راہ عزیمت کے مسافر ہیں۔ ملک میں انقلابِ نظام مصطفی ﷺ کے لیے، سچے عقائد و نظریات کا دفاع ناگزیر ہے۔ کارکنان اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ اوروں کی اعتقادی اور نظریاتی اصلاح کا فریضہ بھی سرانجام دیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے نزدیک سیاست شریعت کے تابع ہے۔ درایں اثناء ملک بھر میں سنی کانفرنس کی تشہیری مہم اور قافلوں کی تیاری کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ ایک اندازے کے مطابق آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں سے لاکھوں عاشقان رسول ﷺ کی شرکت متوقع ہے۔ کنونشن میں صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ فرمان علی حیدری، علامہ محمد صدیق مصحفی، مفتی محمد عبدالعلیم جلالی (ملتان)، مولانا غلام مرسلین (بہاولپور)، مولانا محمد اشفاق کریمی (حاصل پور)، سید محمد ابو بکر عمار (قصور)، علامہ محمد قمر عباس جلالی (گجرات)، مولانا محمد حبیب اللہ (میانوالی)، مولانا محمد ادریس جلالی(گوجرانوالہ)، چوہدری اکبر آرائیں (مندی بہاؤ الدین)، مولانا محمد آصف شریف جلالی (حافظ آباد)، مولانا محمد کامران جلالی (لیّہ)، مولانا غلام جیلانی (اوکاڑہ)، مولانا محمد مبشر یسٰین (پاکپتن شریف)، مولانا محمد الیاس (جھنگ) اور مولانا محمد طارق محمود (جہلم) و دیگر نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں