حکومت کرونا وائرس سے لڑنے کی بجائے اپوزیشن سے جنگ لڑ رہی ہے، سراج الحق

گوجرانوالہ (ایچ آراین ڈبلیو)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ سرکاری اعداد شمار بتا رہے ہیں کہ ملک میں دن بدن کرونا وائرس بڑھ رہا ہے حکومت کرونا وائرس سے لڑنے کی بجائے اپوزیشن سے جنگ لڑ رہی ہے ۔ حکومت نے کرونا وائرس بارے میں جو اقدام کئیے ہیں اس کا لوگوں کو علم نہیں ہے۔ حکومت کرونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عر بیہ کے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے کسی بھی چیز میں اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔کرونا وائرس کے حوالے سے حکومت نے بروقت انتظامات نہیں کیے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف بڑھا۔ حکومت کو چاہیے کہ کرونا وائرس کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔سراج الحق نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام کے حامی نہیں ہیں۔ نیب ناکافی شواہد کی بنیاد پر سیاسی لوگوں کو گرفتار کر لیتی ہے نیب پہلے لوگوں سے تحقیقات کریں پھر گرفتاری عمل میں لائے۔سراج الحق نے کہا کہ جب بجلی اور گیس کے بل بڑھتے ہیں تو سمجھ لیا جائے کہ حکومت چور ہے۔عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ کمی ہوئی لیکن پاکستان میں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ہم پہلے بھی آزادی صحافت کے ساتھ تھے آج بھی آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں ۔اپوزیشن لیڈر ملک میں ہو یا نہ ہو اس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔حکومت کا ہاتھ عوام کی جیبوں پر اور پاوں گردن پر رکھا ہوا ہے۔عام آدمی کو دو وقت کی روٹی میسر ہونی چاہیے۔وزیر اعظم نے خود کئی دفعہ کہا کہ جب بجلی اور گیس مہنگی ہو حکومت چور ہوتی ہے. حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر لوگوں کا خون پسینہ چوس رہی ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب بلال قدرت بٹ،جماعت اسلامی کے رہنماء حمید الدین اعوان ،جماعت اسلامی یوتھ پنجاب کے نائب صدر فرقان عزیز بٹ ،سٹی صدر جماعت اسلامی یوتھ خرم سلیم کھوکھر ودیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں