تحریک صوبہ ملتان اس خطے میں نفرتوں کے خاتمے اورمحبتوں کے فروغ کی تحریک ہے

ملتان(ایچ آراین ڈبلیو ) تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی نے کہا ہے کہ تحریک صوبہ ملتان اس خطے میں نفرتوں کے خاتمے اورمحبتوں کے فروغ کی تحریک ہے۔ہم خطے سے نسلی،لسانی اورعلاقائی تعصبات کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔وہ ملتان یوتھ ونگ کے عہدیدارن مرکزی صدر ملک ثقلین تھہیم،مرکزی سیکرٹری جنرل ملک عمران یوسف،کاشف علی،عبدالرحمن اوردیگر سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ اپنی قدامت اورثقافت کے اعتبار سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے،ہم نسلی،لسانی اورعلاقائی شناختوں پر یقین نہیں رکھتے۔ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کی فلاح کیلئے انکے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہی صوبے کی بنیاد ہے،اسی سے خطے کی پسماندگی اورمحرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔اس کیلئے انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبہ ملتان کا قیام ہی تمام مسائل کا مستقل حل ہے۔خطے میں بسنے والے ہر فرد کو اپنے حق کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے بالخصوص خطے سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی علیحدہ صوبے کے قیام کیلئے پارٹی وابستگی سے بالاترہوکراپنا بھرپور کردار ادا کریں۔تحریک صوبہ ملتان کا یوتھ ونگ اس تحریک کا ہراودل دستہ بن کر اس پیغام کو گھر گھر پہنچائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں