علما ء نے کرونا وائرس پر مشترکہ فتویٰ جاری کردیا

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) علما ء نے کرونا وائرس پر مشترکہ فتویٰ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا مہلک وائرس سےنجات کیلئےشریعت اسلامیہ کے رہنمااصولوں کو اپنانا ہوگا، مساجد میں وضو خانوں اور طہارت خانوں کی مکمل صفائی کاخیال رکھاجائے۔

تفصیلات کے مطابق حافظ طاہر اشرفی کی زیر صدارت علماو مشائخ کا اجلاس ہوا ، جس میں کرونا وائرس پر مشترکہ فتویٰ جاری کیا گیا ، جس میں کہاگیا ہے کہ پوری دنیا کروناوائرس کے رسک پر ہے، مہلک وائرس سےنجات کیلئےشریعت اسلامیہ کے رہنمااصولوں کو اپنانا ہوگا۔

مشترکہ فتویٰ میں کہا گیا تمام سیاسی و مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کردیا جائے، جمعۃ المبارک کے اجتماعات کوعربی خطبات تک مختصر کیاجائے اور مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے۔

علما کا مشترکہ فتویٰ میں کہنا ہے کہ مساجد میں نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے، نماز کی ادائیگی سےقبل سرف یا صابن سے فرش کو دھو لیا جائے، کورونا وائرس پراحتیاط کیلئےزبان سے السلام علیکم ورحمۃ اللہ کہا جائے۔

مشترکہ فتویٰ کے مطابق مریض ، بزرگ حضرات مساجدکےبجائے گھرمیں نماز ادا کریں، مساجد میں وضو خانوں اور طہارت خانوں کی مکمل صفائی کاخیال رکھا جائے اور مخیر حضرات صابن ، سینیٹائزر ،صفائی کے امور میں معاون اشیا ہدیہ کریں۔

خیال رہے پاکستان میں کروناوائرس کےمریضوں کی تعداد بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے ، سندھ میں مزیدپانچ مریض سامنےآگئے، جس کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 155 جبکہ ملک بھرمیں 188 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں