پاکستان اور یورپین یونین کے مابین باہمی تعاون فائدہ مند ہے، سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے پاکستان اور یورپین یونین کے مابین باہمی تعاون کو مفید قرار دیتے ہوئے زندگی کے مختلف شعبوں سمیت تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ آج ایک اہم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سینیٹ آف  پاکستان کے دوستی گروپ اور پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا کے درمیان تبادلہ خیال ہوا ۔ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام ڈپٹی چیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی ہدایات پر کیا گیا تھا۔ جسمیں سینیٹر ز محسن عزیز، خوش بخت شجاعت، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، رانا مقبول اور دیگر نے شرکت کی۔    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور دیگر سینٹر ز یورپ میں کو رونا وائرس کے پیدا ہونے والے بحران ، انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ ڈپٹی چیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کرونا وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر نقصانات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر اس قابو نہیں پایا جاسکتا اور اس سلسلے میں اراکین پارلیمان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگے بڑھیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جاۓ۔  اراکین نے یورپین یونین کی جانب سے دوطرفہ تعاون کو انتہائی اہم قرار دی اور کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ معاونت اور روابطہ کاری مزید فروغ پائے۔اس موقع پر یورپی یونین کے پاکستان کے لئے منظور کردہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ یورپین یونین کی سفیر نے پاکستان کو اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین پاکستان میں جمہوریت، جمہوری اقدار اور جمہوری اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہے اور تجارتی سطح پر بہتر معاونت کیلئے باہمی رابطہ کاری سے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔یورپین یونین کی سفیر نے پاکستان کی پارلیمنٹ اور یورپین یونین کے درمیان موثر رابطہ کاری کو سراہا اور اس اُمید کا اظہا رکیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں