وزیراعلیٰ پنجاب سانحہ بستی ملوک میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کی مالی امداد کرے

ملتان( ایچ آراین ڈبلیو ) تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں میں بستی ملوک میں ڈسپوزل کنوئیں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس خارج ہونے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی ہلاکت ایک اندوہناک سانحہ ہے جس پرخطے میں بسنے والا ہر انسان دکھی ہے۔مگر اس سے بھی افسوسناک بات یہ ہے کہ ابھی تک کسی حکومتی اہلکار یا عوامی نمائندے نے متاثرین کے گھروں میں آنا تک گوارا نہیں کیا۔یہ بات انہوں نے سانحہ میں جاں بحق افراد کے گھر جاکر اظہارتعزیت کے موقع پر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔اس موقع پر مرکزی وائس چیئرمین پیر کریم بخش مڑل،مرکزی صدر کسان ونگ رانا لقمان شہزاد،نواب عارف راؤ اوردیگر بھی ہمراہ تھے۔راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا کہ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس سانحے کی شفاف تحقیقات کروائیں اوراس کے ذمہ دارا افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔اور جو اپنے اپنے گھر کے واحد کفیل،غریب افراد جاں بحق ہوئے ہیں انکی ایک کروڑ روپے فی کس کے حساب سے مالی مدد کیا جائے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ملتان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھی فوری وقت نکال کر لواحقین کے گھر جاکر ان سے ملاقات کریں اورجائے سانحہ کا معائنہ کریں۔جبکہ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ ڈسپوزل کنواں شہری آبادی کے درمیان میں موجود ہے لہذا فوری طور پر فنڈز جاری کرکے اس ڈسپوزل کنوئیں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اورتمام تر حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کے بعد عوام میں بہت زیادہ غم و غصہ پایا جاتا ہے،اگر بروقت لوحقین کی مدد نہ کی گئی تو عوامی غصے کے باعث کسی اورسانحہ کے رونما ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں