سانگھڑ: یونیسیف کی طرف سے حفاظتی سامان تقسیم کیا گیا

سانگھڑ (ایچ آراین ڈبلیو) سانگھڑ میں کورونا وائرس سے مقابلے کرنے والے محکمہ صحت کے کارکنان کے تحفظ کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی آگے آرہے ہیں، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی ہدایات پر ہینڈس سانگھڑ کے ڈسٹرکٹ مینجر منصور جبار میمن نے آج عالمی ادارے یونیسیف کی جانب سے مہیا کردہ 3ہزار ڈسپوزبل گلوز، 3ہزار سرجیکل گلوز، 60اینٹیسیپٹک صابن، 60لیٹر کلورین لیکوڈ، پیرا میڈیکل اسٹاف کے لئے 5 ڈسٹ بن اور 20 حفاظتی کٹس ڈی ایچ او سانگھڑ ڈاکٹر وشنو رام کے حوالے کی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر وشنو رام کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی اس صورتحال میں غیر سرکاری تنظیموں کا کردار قابل ستائش ہے۔ ہینڈس کے ڈسٹرکٹ مینجر منصور جبار میمن نے کہا کہ ہینڈس نے ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کی ہے، کورونا جیسی صورتحال میں تو ہم کو ان اداروں کو ترجیح دینے چاہیے جو کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائین پر ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کورونا کی روکتھام کے لئے بہتر طریقے سے کام کر رہی ہے اور تمام غیر سرکاری تنظیموں کو بھی ساتھ لیکر چل رہی ہے جس کے باعث ضلع بھر میں راسن کی تقسیم کے ساتھ ساتھ دیگر امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ اور امید ہے کہ ضلع بھر کے عوام کو کسے بھی قسم کی مشکلات درپیش نہیں آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں