آن لائن درس وتدریس،آنےوالےوقتوں میں اہمیت کا حامل ہوگا،ہمابخاری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ آف کمیونی کیشن اینڈ اکنامکس کی چیئرپرسن ہما بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں آن لائن درس وتدریس کا سلسلہ آنے والے وقتوں میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ موجودہ صورت حال میں طلباء کا قیمتی تعلیمی سال بچانے کے لئے آن لائن درس وتدریس وامتحانات کا انعقاد تمام تعلیمی اداروں کے لئے نیا تجربہ ثابت ہوا ہے۔ آن لائن درس وتدریس میں یقینا دشواریاں ضرور آئیں کیونکہ اساتذہ کے لئے یہ نیا تجربہ تھا اور طلباء کے لئے بھی۔ اب ہمیں ان جدید ٹیکنالوجی کی افادیت کو سمجھنا ہے۔ اساتذہ کی تربیت کے لئے آن لائن کلاسز کا اجراء بہت ضروری ہے جس کے لئے ہمیں ایسے ٹیکنیکل اساتذہ کی ضرورت ہے جو اساتذہ کو آن لائن درس وتدریس کی آگہی دے انٹرنیٹ کنیکشن کے ذریعے آن لائن ایجو کیشن کے حوالے سے بعض کمزور پہلو بھی سامنے آۓ ہیں جن کو انٹر نیٹ پرووائڈر کمپنیز کے تعاون سے حل کر کے طلباء کے لیے آسانی پیدا کی جا سکتی ہیں۔ ھما بخاری نے کہا کہ آئندہ ہمیں اپنے اساتذہ کے لئے ماہر آئی ٹی کی خدمات حاصل کرنی پڑیں گی۔ کورنا بحران نے ہمیں سکھادیا ہے کہ ہمیں اب آئندہ تعلیمی اداروں کو کس انداز میں چلانا ہے اور ہمیں درس وتدریس کے لئے طلباء فہم وطلباء دوست کورسز کا اجراء کرنا ہوگا تاکہ طلباء باآسانی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔ نیو پورٹس انسٹی ٹیوٹ کے اساتذہ نے انتہائی مہارت سے رواں سیمسٹر کو جاری رکھا بلکہ امتحانات کا انعقاد بھی ممکن بنایا۔ آئندہ سیمسٹر میں موجودہ تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے مزید بہتری لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں