سندھ کےصوبائی بجٹ میں نیا ٹیکس نہ لگانا قابل تحسین اقدام ہے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر شیخ عمر ریحان نے حکومت سندھ کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کو قابل تحسین اقدام قرار دیا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موجودہ حالات میں صوبے کے لیے متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ، تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ قابل تحسین ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیر اعلٰی نے کورونا وباء سے مقابلے کے لئے متحرک کردار ادا کیا ہے اور بجٹ میں بھی اس کی جھلک نظر آتی ہے۔ شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے رقم مختص کرنا بھی خوش آئند ہے، حکومت سندھ کو چھوٹے کاروبار اور صنعتوں کی بحالی کے لیے بھی اقدام کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی جوکہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اورسب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے لیکن موجودہ بجٹ میں اس شہر کو کوئی بھی نیا ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا گیا جو کہ قابل تشویش ہے۔شیخ عمر ریحان نے مزید کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور بالخصوص صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کے لیے ماضی میں بھی مراد علی شاہ نے اہم اقدامات کیے ہیں، موجودہ حالات میں اس کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا زرعی شعبے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور موجودہ حالات میں اس شعبے کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے اس حوالے سے صوبائی سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں