اوکاڑہ یونیورسٹی،سنڈیکیٹ نےپروموشن پالیسی،بجٹ کی منظوری دیدی

اوکاڑہ(ایچ آراین ڈبلیو)اوکاڑہ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے اپنے تیرہویں اجلاس میں یونیورسٹی کے ملازمین کے لیے حکومت پنجاب کے قواعد کے مطابق ٹائم اسکیل پروموشن کی پالیسی منظور کر لی۔ اس کے ساتھ ساتھ فنانس ایند پلاننگ کمیٹی کی سفارشات پہ مالی سال 2020-2021 کا بجٹ بھی منظور کر لیا گیا۔منسٹر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ راجا یاسر ہمایوں سرفراز کی غیر موجودگی میں ان کے ایما پر اجلاس کی صدارت اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نےکی جبکہ ایڈیشنل رجسٹرارجنرل جمیل عاصم نےسیکریٹری کےفرائض سرانجام دیے۔اجلاس میں دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے لواحقین کے لیے مراعات کی پالیسی بھی منظور کر لی گئی۔یہ مراعات حکومت پنجاب کےقواعد کے مطابق دی جائیں گی۔سنڈیکیٹ میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی جانب سے گورنمنٹ اور پرائیویٹ کالجز کے الحاق کی پالیسی بھی پیش کی گئی جس پہ بحث کے بعدمزید غورو خوص کے لیے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بھیج دیا گیا۔اجلاس کے اختتامی نوٹ میں وائس چانسلر نے بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کرونا وائرس کی وبا اور اس کے نتیجے میں ہونے والے لاک ڈاون کے بعد کامیابی سے آن لائن کلاسز کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے سنڈیکیٹ کے ممبران سے اپیل کی کہ وہ یونیورسٹی کو معاشرے کے تمام طبقات تک معیاری تعلیم کی رسائی کے مشن میں مکمل تعاون فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں