کورنگی:ٹک ٹاک کے شوق نے نوجوان کی جان لے لی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کورنگی میں ٹک ٹاک بنانے کے دوران تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کے 2 دوست زخمی ہوگئے ، اورنگی ٹاؤن میں ڈامر سے بھرا ڈمپر پک اپ پر الٹنے سے بچے سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی انڈس اسپتال کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تیز رفتار کار درخت سے ٹکر ا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں پولیس اور ریسکیو عملے کی مدد سے جناح ا سپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 22سالہ فراز ولد عظیم دم توڑ گیا جبکہ اس کے 2 دوست احسن اور ایاز کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی افراد کے بیان کے مطابق وہ ٹک ٹاک بنا رہے تھے کہ اس دوران کار درخت سے ٹکر اگئی۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی۔ متوفی اور زخمی لانڈھی و کورنگی کے رہائشی ہیں۔ پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن الفتح شادی ہال کے قریب ڈامر لیکر جانے والا ڈمپر روڈ خراب ہونے کے باعث کھڑی پک اپ کے اوپر الٹ گیا، ڈامر گرنے کے نتیجے میں اس میں موجود 4 سالہ بچہ مصطفی ولد طارق اور 35 سالہ شہاب ولد محمد حنیف جھلس کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں