توبہ وہ برسات ہے جس سے ایک مومن کا اعمال نامہ دھل جاتا ہے

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بعض اخبارات میں اپنے بارے میں چھپنے والے بعض حضرات کے توبہ کے مشورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: توبہ وہ برسات ہے جس سے ایک مومن کا اعمال نامہ دھل جاتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے کہ وہ بندہئ ناچیز کو روزانہ کئی بار توبہ کی توفیق عطا فرماتا ہے۔ غلطی سے توبہ کرنا ضروری ہوتا ہے مگر جس طرح غلطی سے توبہ نہ کرنا گناہ ہے ایسے ہی درست کلام سے توبہ کرنے یا کروانے کا مطلب خود ایک گناہ ہے۔ تعظیم سیدۃ النساء حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا میرا ایمان ہے۔ ”شانِ مولی علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سیمینار“ میں ہونے والی میری تقریر کے جن دو جملوں کو سیاق و سباق سے کاٹ کر اسے غلط رنگ دے کر اچھالا جا رہا ہے، اگر کوئی منصف مزاج ان دو جملوں کے ماقبل اور ما بعد کو سن لے تو میری کسی وضاحت کی ضرورت ہی نہیں۔ کچھ سازشی اور فریب خوردہ لوگ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ جن سے میرا اس وقت اختلاف ہوا تھا جب وہ سلمان تاثیر کو کلین چٹ دے رہے تھے اور بندہئ ناچیز اس کی غیر شرعی گفتگو پہ مواخذہ کر رہا تھا۔ ایسے ہی کچھ لوگ جوآج مجھے توبہ کا مشورہ دے رہے ہیں جب رانا ثناء اللہ نے علی الاعلان کہا: ”مسلمان اور قادیانی ایک جیسے ہیں“ جو مبینہ قادیانیت نوازی اور آئین پاکستان سے انحراف تھا۔ بندہئ ناچیز نے اس وقت رانا ثناء اللہ کے خلاف شرعی فتویٰ صادر کیا مسلم لیگ (ن) سے منسلک جن علماء مشائخ نے اس وقت رانا ثناء اللہ کی وکالت اور حمایت کی۔ آج بلاوجہ میرے خلاف محاذ کھڑا کرنے والوں اور مجھے توبہ کا مشورہ دینے والوں میں ایک گروپ ان علماء و مشائخ کا بھی ہے۔بندہئ ناچیز آج بھی یہ پیشکش کر رہا ہے کہ کسی بھی معتبر فورم پر مجھے بلایا جائے اور میرے سامنے میری گفتگو کو خلاف شریعت ثابت کیا جائے۔ بندہئ ناچیز ہر وقت اس کے لیے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں