چیف جسٹس آف پاکستان کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ کا نوٹس لیں

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ طارق نذیر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کے عذاب اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے از خود نوٹس لیتے ہوئے عوام کو کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ اور بلاجواز لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں ۔منگل کو جاری بیان میں خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ قیامت خیز گرمی میں تیل کی عدم دستیابی اور کمی کا بہانہ بنا کر کے الیکٹرک نے بار بار بجلی کی فراہمی منقطع کرکے کراچی کے شہریوں کو جہنم رسید کردیا ہے ۔کے الیکٹرک تیل بچاکر لوڈ شیڈنگ کررہی ہے اور اپنا منافع بڑھائی ہے ۔اسے عوام کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ ایک جانب عوام کو کورونا کے وبائی عذاب میں بے یار و مدد گار چھوڑدیاگیاہے، وہ روٹی ،روزی کے لیے پریشان ہیں تو دوسری جانب میٹر ریڈنگ کا نہ لینا کے الیکٹرک کی نااہلی ہے ،جس کی سزا عوام کیوں بھگتیں ۔ کے الیکٹرک دن میں کئی بار گھنٹوں لوڈشیڈنگ سے ان کی زندگی اجیرن کررہی ہے ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ کے الیکٹرک نے ماہ مئی کے بل اوسط کی بنیاد پر بھیج کر ،جون کے بلوں کے ذریعہ کراچی کے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا مکمل پروگرام ترتیب دے دیا ہے جبکہ اس حوالے سے نیپرا سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے ۔کے الیکٹرک کی نااہلی کی سزا کراچی کے شہریوں کو نہیں ملنی چاہیے ۔انہوںنے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی کہ کے الیکٹرک کی لوٹ کھسوٹ کا نوٹس لے کر تادیبی کارروائی کرکے عوام کو ریلیف دلوائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں