انسداد تجاوزات کی کارروائیاں بتدریج پورے شہرمیں کی جائیں گی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف اکرام نے کہا ہے کہ جو اراضیاں تجاوزات میں گم ہوگئی تھیں ان کو اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے مؤثر کارروائیاں جاری رکھیں جائیں گی۔ انسداد تجاوزات کی کارروائیاں بتدریج پورے شہر میں کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان جوہر بلاک 40-A اور 40-B کے دورہ کے موقع پر کیا۔ واضح رہے کہ الاٹیز کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل آصف اکرام نے ہنگامی طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملہ کو قابضین کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے اور اراضی کو کے ڈی اے کے قبضہ میں لیا گیا جبکہ واگزار کرائی گئی اراضی کے مین گیٹ اور دیوار پر کے ڈی اے پراپرٹی تحریر کیا گیا۔ گلستان جوہر میں کے ڈی اے اراضی پر عرصہ دراز سے قابضین موجود تھے، متعدد بار تنبیہہ کے باوجود سرکاری اراضی خالی نہیں کی گئی تھی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کے ڈی اے اراضیاں قبضہ مافیا سے چھڑانے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں