سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کی جعلی رپورٹ کو شائع کیا ہے، طاہر ملک

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما طاہر ملک نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹس کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کرپشن کے ساتھ ساتھ شہر میں بدامنی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہے۔ عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی کی ایک نہیں 3 رپورٹ بنائی گئی تھی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے اثرو سوخ سے پہلی رپورٹ سے اہم شخصیات کے نام نکال دیئے گئے تھے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، سابق وزیراعلی سندھ سمیت اہم لوگوں کے نام شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کے کالے کرتوت کا پنڈورا باکس وفاقی وزیر علی زیدی نے کھول کر رکھ دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کی جعلی رپورٹ کو شائع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھول گئی ہے کہ اصل رپورٹ اس وقت انٹیلیجنس اداروں کے پاس موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت ہیر پھیر کرنے کی ماہر ہے۔ انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ میں ہیر پیر کر کے اسے شائع کیا ہے۔ طاہر ملک نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں ملک کو نقصان پہچانے والے ہر شخص کو جواب دینا ہے اور احتساب کے کٹہرے میں لازمی کھڑا ہونا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں چھیڑ چھاڑ سے سچ اور حقائق بدل نہیں جائینگے۔ پوری قوم جانتی ہے کہ آصف زرداری، فریال تالپور، قائم علی شاہ، مظفر ٹپی سمیت دیگر لوگوں کے ہاتھ معصوم اور بے گناہ شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی تمام مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر لازمی کھڑا کرے گی۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اس اہم معاملے پر سو موٹو ایکشن لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں