میئرسکھرکا مون سون کی تیاریوں کا جائزہ،ڈپٹی کمشنربھی ہمراہ

سکھر(ایچ آراین ڈبلیو) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسپوزل اسٹیشنز کے دورے‘ مون سون کی تیاریوں کا جائزہ لیا‘ کنوؤں کی ڈی سیلٹنگ کے کام کا معائنہ کیا‘ دستیاب مشینری‘ موٹرز پمپس‘ جنریٹرز کو خود چلوا کر دیکھا‘ اسٹیشنز 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ڈپٹی کمشنر رانا عدیل‘ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عدنان رشید‘ پبلک ہیلتھ کے انجینئرز و عملے کے ہمراہ شہر کے تمام ڈسپوزلز اسٹیشنز کا تفصیلی دورہ کیا‘ دورے کا مقصد مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر پبلک ہیلتھ کی جانب سے کئے گئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینا تھا تاکہ بارشوں سے قبل تمام تیاریوں کو مکمل کرلیا جائے‘ انہوں نے ڈسپوزلز اسٹیشنز کے دورے کے موقع پر دستیاب مشینری‘ موٹرز‘ پمپس اور جنریٹرز کو خود چلوا کر دیکھا اور موجود عملے سے بریفینگ لی۔ اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ کیساتھ مل کر مشترکہ کوششیں کررہے ہیں‘ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایت موصول نہ ہو‘ ٹیم ورک سے ہی تمام کام سرانجام دیئے جارہے ہیں‘ بارشوں کے دوران ایمرجنسی‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ یا کسی اور تکنیکی وجوہات کے باعث پمپنگ اسٹیشنز بند ہوجانے کی صورت میں متبادل کے طور پر ڈی واٹرنگ پمپس کی خریداری کی جارہی ہے‘ نشیبی علاقوں میں ان ہیوی پمپس کے ذریعے ہی نکاسی کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پرانا سکھر میں ڈرینج کی میگا اسکیم پر جاری کام کی وجہ سے پمپنگ اسٹیشنز کو کچھ دیر کیلئے بند کرنا پڑتا ہے‘ اسی وجہ سے اس علاقے میں پانی کھڑے ہونے کی شکایات ہیں‘ میگا اسکیم کی تکمیل کے بعد انشاء اللہ پرانا سکھر کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوجائے گاجبکہ بارشوں کے دوران ہمارا سارا فوکس پرانا سکھر سمیت نشیبی علاقوں پر ہوگا‘ ڈی واٹرنگ پمپس نصب کر کے پانی کی نکاسی کروائیں گے‘ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے پمپس جلد خرید لئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی کمشنر اور میں نے محکمہ پبلک ہیلتھ کو ہدایت جاری کردی ہیں کہ تمام اسٹیشنز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے اور جہاں کہیں مسائل درپیش ہوں فوری اطلاع دیں ہم ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں