وزیراں چھچھرکا واقعہ قتل وڈیرہ شاہی کا گھناؤنا ظلم ہے،الطاف شکور

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ وزیراں چھچھرکا واقعہ قتل وڈیرہ شاہی کا گھناؤنا ظلم ہے۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اپنے حلقہ انتخاب میں بے دردی کے ساتھ قتل ہونے والی سندھ کی ایک اور مظلوم بیٹی وزیراں چھچھر کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی میں ناکام ہوگئے ہیں۔ پاسبان ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ایک بار پھر سبقت لے گئی ہے۔ ضلع جامشورو کے گوٹھ وڈا چھچھرمیں غریب گھرانے کی بیٹی وزیراں چھچھر کو اجتماعی ہوس کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے۔ غریب عوام کی جان ومال اورعزت و آبرو کوبرباد کرنے کا سلسلہ بند ہو جانا چاہیے۔ سندھ کے وڈیرے اپنا قبلہ درست کرلیں ورنہ عوام کا احتجاج ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ وزیراعلی سندھ اپنے حلقہ انتخاب میں مظالم نہیں روک سکتے تو صوبے کے عوام کی حفاظت کیسے کریں گے؟ پاسبان وزیراں چھچھر کے والد کو انصاف ملنے تک انکے ساتھ کھڑی ہے۔ مقتولہ بیٹی کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو وزیر اعلی ہاوس کے گھیراؤ پر مجبور ہوں گے۔ اندھیر نگری نہیں چلے گی، وڈیروں کی قید سے مظلوم انسانوں کی آزادی کا وقت آگیا ہے۔ عوام ظالموں کا مقابلہ کرنے کے لئے پاسبان کے پرچم تلے جمع ہو جائیں۔ وہ گذشتہ روز جامشورو سے کراچی واپسی پر پاسبان پبلک سیکریٹریٹ میں پاسبان رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔ پاسبان کے چیئرمین کے دورہ جامشورو میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر رہنما رفیق خاصخیلی، پاسبان ضلع سانگھڑ کے صدر سلطان خاصخیلی، سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع جامشورو کے صدر علی شیر چھچھر،پاسبان حیدرآباد کے صدر ارشد آرائیں، خلیل احمد پالاری، پاسبان سانگھڑ کے رہنما شہزاد چشتی،زبیر قریشی،فرقان راجپوت،رمضان انصاری،احسن کمبوہ و دیگر بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق الطاف شکور نے پاسبان کی ٹیم کے ہمراہ مقتولہ وزیراں چھچھر کے آبائی گاؤں وڈا چچھر ضلع جامشورو پہنچ کر وزیراں چھچھر کے والد سے ملاقات کی، انہیں دلاسہ دیا اور انہیں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہا نی کروائی۔الطاف شکور نے وزیر اعلی سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے گھر کے اندر آپ کی ناک کے نیچے اس قدر ظلم ہو رہا ہے اور ٓاپ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ پاسبان، سندھ ترقی پسند پارٹی اور نوجوانوں کے ساتھ مل کر اس ظلم کے آگے دیوار بن کر کھڑی ہوگئی ہے۔ بااثر وڈیرے مقتولہ وزیراں کے والد کوخریدنا چاہتے ہیں لیکن وہ جان لیں کہ اب ظلم کی رات ختم ہو چکی ہے۔ وزیراں کے والد نہ پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی انصاف کی فراہمی تک چپ بیٹھیں گے۔ الطاف شکور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاسبان قاتلوں کا پیچھا کر ے گی۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری وزیراں چھچھر کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں تختہ دار تک پہنچایا جائے ورنہ پاسبان راست اقدام پر مجبور ہوگی۔ دریں اثناء الطاف شکور جب مقتولہ وزیراں چھچھر کے والد کے پاس پہنچے تو دوران گفتگو مظلوم مقتولہ کے والد فرط غم سے نڈھال ہو کر بیہوش ہوگئے۔پاسبان کے چیئرمین نے انہیں پانی پلایا، دلاسہ دیا اور ہر قدم اپنے ساتھ کا یقین دلایا۔ اس موقعہ پرالطاف شکور نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے علی شیر چھچھر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے وزیراں چھچھر کے معاملے کو سوشل میڈیا پر ہائی لائٹ کیا-

اپنا تبصرہ بھیجیں