چیف جسٹس پاکستان کا وقارمزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے واقعہ موٹروے کا ازخود نوٹس لیں، اسلم الہی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) انٹرنیشنل کمیشن آن ہیومن رائٹس کے چئیرمین محمد اسلم الٰہی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ واقعہ موٹر وے کو سیاست کا شکار کر دیا گیا ہے اور ملزمان کو پکڑنے کے بجائے اب سی سی پی او لاہور سے لے کر ہر سیاسی جماعت کے رہنما صرف بیان بازی کے ذریعے اس سنگین واقعہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، اسلم الٰہی نے مزید کہا کہ واقعہ کو سوشل میڈیا سے لے کر برقی میڈیا تک اتنا بحث کا شکار کر دیا ہے کہ دنیا بھر میں خواتین کے حوالے سے پاکستان کا امیج مزید خراب کر دیا گیا ہے، اسلام جو خود خواتین کی حرمت کے حوالے سے ایک ایسا دین ہے جس میں خواتین کے حقوق کو ہر طرح سے تحفظ دیا گیا ہے لیکن اس واقعہ میں بحث و مباحثہ نے اصل واقعہ کو پس منظر میں ڈال دیا ہے- چئیرمین آئی سی ایچ آر نے چیف جسٹس پاکستان سے اس معاملے پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا وقارمزید داغ دار ہونے سے بچانے کے لئے وہ فوری طور پر از خود نوٹس لیں اور خودمختار کمیشن قائم کیا جائے جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے- انہوں نے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی اپیل کہ وہ مثبت سوچ کر فروغ دیتے ہوئے اصل ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور من گھڑت خبروں اور سنسنی خیز رپورٹنگ سے اجتناب کرتے ہوئے ملک میں خواتین جو اس واقعہ کے بعد شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں، ان کا اعتماد بلند کرنے کے لئے خصوصی پروگرام نشر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں