دوہری شہریت کیس میں فیصل واؤڈا کا بھانڈہ پھوٹنے کا معاملہ قریب آ گیا، الیکشن کمیشن نے ریکارڈ پیش کردیا

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) اسلام آباد ہائی کورٹ میں‌ وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی ، وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے وکیل محمد احسن جبکہ درخوست گزار میاں فیصل کے وکیل جہانگیر جدوں عدالت میں پیش ھوئے، وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر عدالت نے برھمی کا اظہار کیا جس پر وکیل فیصل واؤڈا نے عدالت کو بتایا کہ فیصل واؤڈا کی جانب سے عدالتی کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی ہے، الیکشن کمیشن میں چار درخواستیں زیر سماعت ہیں، درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن جا کر کہتے ہیں کہ معاملہ ہائی کورٹ میں بھی چل رہا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے یہ بتائیں کہ ہمارے آرڈر کی روشنی میں جواب داخل کرا دیا ہے؟ آپ نے الیکشن کمیشن کی آرڈر شیٹس درخواست کے ساتھ کیوں نہیں لگائیں؟ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کورٹ کے ساتھ ہائیڈ اینڈ سیک نہ کھیلیں، آپ الیکشن کمیشن میں بھی نہیں پیش ہو رہے، آپ ادھر پیش نہیں ہو رہے اور یہاں بھی یہی کر رہے ہیں، اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل واؤڈا کے کاغذات نامزدگی کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا- وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ریکارڈ کے ساتھ دہری شہریت نہ رکھنے کا فیصل واؤڈا کا بیان حلفی بھی جمع کرا دیا گیا ہے، جس پر جسٹس عامر فاروق نے بیرسٹر جہانگیر جدون سے مکالمہ کیا کہ آپ کا کیس یہ ہے کہ فیصل واؤڈا کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت رکھتے تھے، گیارہ جون 2018 کو بیان حلفی جمع کرایا کہ دوہری شہریت نہیں رکھتے،
شہریت ترک کرنے کی درخواست تو بعد میں 25 جون 2018 کو منظور ہوئی، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ جب بیان حلفی جمع کروایا گیا تو وہ امریکی شہری تھے، وکیل فیصل واؤڈا نے کہا کہ اس ڈاکومنٹ کے مصدقہ ہونے پر اعتراض ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اسی لیے آپ کو بار بار نوٹس جاری کر رہے ہیں کہ جواب داخل کرائیں، کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے کلائنٹ کو نوٹس کر کے یہاں بلائیں،آپ جواب میں لکھ دیتے کہ یہ ڈاکومنٹ جعلی ہے، ہو سکتا ہے کہ پٹیشن کے ساتھ لگائے گئے ڈاکومنٹس جعلی ہوں اسی لیے الیکشن کمیشن سے ریکارڈ منگوایا ہے، وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ کراچی کے ریٹرننگ افسر کے آفس سے ریکارڈ منگوا کر جمع کرایا گیا ہے، اس موقع پر وکیل فیصل واؤڈا نے استدعا کی مجھے اپنے موکل سے ہدایات لینے کے لیے کچھ مہلت دی جائے، فیصل واؤڈا کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی-

اپنا تبصرہ بھیجیں