بلدیہ ٹاؤن کراچی کی 17سالہ بیٹی سمیرا کے قتل پر پاسبان کھڑی ہو گئی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے آئی جی سندھ ، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سعید آباد بلدیہ ٹاؤن کراچی کی 17سالہ بیٹی سمیرا کے منڈی بہاؤ الدین میں واقعہ قتل کے بااثر ملزمان کے خلاف کاروائی کی جائے اور مقتولہ سمیرا کی والدہ کو تحفظ اور قبرکشائی کے بعد فرانزک لیب لاہور بھجوائے گئے اجزاء کا تجزیہ جلد از جلد کرکے مقتولہ کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نویں جماعت کا پرچہ دینے کے لئے 18، اپریل 2015کو گھر سے امتحانی سینٹر جانے والی 17سالہ طالبہ سمیرا لاپتہ ہوگئی ۔ بعد ازاں نامعلوم فون کالز سے معلوم ہوا کہ سمیرا کو منڈی بہاؤ الدین میں اسلحہ بردار ملزمان نے قید میں رکھا ہوا۔ مدینہ کالونی تھانہ کراچی پولیس نے روائتی غفلت کا مظاہرہ کیا اور ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاخیری حربے استعمال کئے ۔ 4مارچ 2016کو والدہ کو اطلاع ملی کہ اُس کی بیٹی کی تشدد زدہ لاش چک مانوں ضلع مندی بہاؤ الدین سے مل گئی ہے ۔ سندھ اور پنجاب پولیس نے اس واقعہ پر بھی بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔ والدہ نے اپنے عزیزوں کی مدد سے سمیرا کی لاش کو عارف والا میں دفن کردیا اور کراچی آکر پاسبان ہیلپ لائن کو صورتحال سے آگاہ کیا ۔ پاسبان ہیلپ لائن کی جدوجہد کے نتیجے میں 13، اپریل 2017کو سمیرا کی قبر کشائی عارف والا چک 77-EBمیکناں والا میں علاقہ مجسٹریٹ، علاقہ پولیس ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال عارف والا کے ڈاکٹرز کی ٹیم ، ٹی ایم اے عارف والا کے افسران ، واہلکاروں اور سمیرا کی والدہ و اعزاء کی موجودگی میں ہوئی جس کے بعد قبر سے نکالے گئے اجزاء کو فرانزک لیب لاہور بھجوا دیا گیاہے ۔ پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقتولہ سمیرا کی والدہ کو بااثر ملزمان کی دھمکیوں سے نجات دلائیں اور اس واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو میرٹ پر کاروائی کرتے ہوئے قانون کے شکنجہ میں لاکر سوگوار خاندان کو داد رسی فراہم کی جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں