سرکاری زمینوں پر قبضے،غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد رعایت کےمستحق نہیں

کراچی(ایچ اراین ڈبلیو)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے سرکاری زمینوں پر قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے کرپٹ عناصر کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی غیر قانونی حرکتوں سے باز آجائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ اقبال میمن نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ صوبے میں غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری زمینوں پر قبضے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد معصوم عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور ان کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹ لیتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی تعمیراتی منصوبے یا کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے متعلقہ اداروں سے تصدیق کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کاروائی کرنے کا مجاز ہے اور محکمے کے افسران بغیر کسی دباؤ کے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کریں جبکہ کرپشن سے متعلق شکایات محکمے کے کمپلینٹ سیل 1414 پر درج کروائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف شکایات موصول ہونے پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کرپٹ عناصر کو بھی خبردار کیا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز اجائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں