ٹیکسز کی بروقت وصولی کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے،مکیش کمار چاؤلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کے دائرہ کار میں آنے والے تمام ٹیکسز کی بروقت وصولی کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ ٹیکسز اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اعجاز میمن، ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کو ہدایت کی کہ وہ بقایاجات ٹیکسز کی مانیٹرنگ کا ایک جامع طریقہ کار وضع کریں اور جلد اس سلسلے میں رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں وزیراعظم ڈیلیوری پرفارمنس یونٹ سے موصول ہونے والی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 1167 شکایات موصول ہوئیں تھیں جن میں سے 1022 شکایات کا فوری طور پر ازالہ کردیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ شکایات بھی جلد نمٹا دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو ٹیکسز کی وصولی میں تیزی لانے کے احکامات صادر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محکمے کے افسران روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بھی رواں مالی سال کے اختتام سے قبل اپنے ٹیکس اہداف 100 فیصد سے زائد حاصل کرلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں