موٹروہیکل ٹیکس ادا کرنےوالوں کی تعداد 78 لاکھ سے بھی زائد ہے،مکیش کمار چاؤلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)25 فروری۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت ٹیکسز کی وصولی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اعجاز میمن، ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز سندھ کے رجسٹرڈ ٹیکس کنندہ گان کی مجموعی تعداد 9,015,833 پے۔ جائیداد ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد 939028 ، موٹر وہیکل ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد 7817576 اور پروفیشنل ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد 227372 ہے۔ اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر سیس ادا کرنے والوں کی تعداد 31149, کاٹن فیس ادا کرنے والوں کی تعداد 286 اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی ادا کرنے والوں کی تعداد 59 ہے۔ جبکہ کراچی میں موٹر وہیکل ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد 5664735, حیدرآباد میں 1030252 اور سکھر میں یہ تعداد 637204 ہے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ میرپور خاص میں موٹر وہیکل ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد 116674, لاڑکانہ میں 251147 اور شہید بےنظیر آباد ریجن میں 117564 ہے جبکہ جائیداد ٹیکس ادا کرنے والوں کی کراچی ریجن میں تعداد 698541, حیدرآباد میں 112509 اور سکھر میں یہ تعداد 35499 ہے اور میرپور خاص میں جائیداد ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد 30978, لاڑکانہ میں 30037 اور شہید بےنظیر آباد ریجن میں یہ تعداد 31464 ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس کے شعبوں میں مزید یونٹس کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے اپنے کاروبار کو رجسٹرڈ کروائیں۔ کاروباری حضرات آسان طریقہ کار کے ذریعے محکمے کی ویب سائٹ www.excise.gos.pk پر اپنا کاروبار رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔ مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو بھی ہدایت دی کہ وہ ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں