اسپیشل ایجوکیشن، خصوصی بچوں کے لئے حیدرآباد کی سیر / مطالعاتی دورے کا اہتمام

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر کی ہدایت پر ، گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اور بحالی مرکز ٹھٹھہ کے خصوصی بچوں کے لئے حیدرآباد کی سیر / مطالعاتی دورے کا اہتمام کیا گیا۔ خصوصی بچوں نے انسٹی ٹیوٹ آف سندھولوجی اینڈ لائبریری ، یونیورسٹی آف سندھ کا دورہ کیا۔ جامشورو کے ڈی سی اے آر ، ڈپٹی ڈائریکٹر پیارو خان ​​نے ان بچوں کااستقبال کیااورطلباء میں تحائف اور پھل تقسیم کیے۔ محمد عباس بلوچ ، ڈویژنل کمشنر ، حیدرآباد نے رانی باغ میں ان خصوصی بچوں اور عملے کے لئے ریفریشمنٹ اور تحائف کا انتظام بھی کیا۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد گدا سومرو نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں خصوصی بچوں اور سینٹر کے عملے نے بولیورڈ مال حیدرآباد کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مقامی کھانے سے لطف اٹھایا۔ آخر میں انہوں نے کوٹری بیراج اور دریائے سندھ کا دورہ کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے خصوصی تعلیم و بحالی مراکز کے سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان خصوصی بچوں کے لئے تفریحی سفر کا اہتمام کرتے رہیں تاکہ ان میں اعتماد پیدا ہو اور وہ زیادہ بہتر طریقے سے اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں