سیکرٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس، ڈی جی ایس بی سی اے بھی شریک

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ کی سربراہی میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی جی ایس بی سی اے شمس الدین سومرو، کے ڈی اے، لیاری و ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر اداروں کے نمائندگان شریک تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ کو بتایا گیا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر شفافیت اور ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل کے مشن کے تحت تمام ضلعی افسران کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والی پراگریس رپورٹ سے افسران بالا کو متواتر باخبر رکھیں اور غیر ضروری تاخیر اور سستی سے مکمل طور پر پرہیز کیا جائے۔ اس موقع پر شرکا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تمام صوبے کے اندر مساوی طور پر ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا جائے اور ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر ہونے والے تعمیراتی کاموں کے ثمرات سے اس علاقے کی عوام باآسانی مستفید ہوسکے۔نجم احمد شاہ نے کہا کہ جب تک سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کے ڈی اے، لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران مکمل طور پر اپنی سمت درست نہیں کرتے تب تک حقیقی سدھار ممکن نہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے واضع کیا کہ جن افسران نے بھی فرائض منصبی کی ادائیگی میں تاخیر یا غفلت برتی ان کے خلاف سخت محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور کسی بھی صورت قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو نہ بخشا جائے۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ جن بلڈروں نے لوگوں کی عمر بھر کی پونجی کو مال غنیمت سمجھ کر ہڑپ کرنے کا وطیرہ اپنا رکھا ہے ان کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کیا جائے اور کسی بھی مفاد پرست اور لالچی ٹولے کو عوام کی محنت کی کمائی پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ڈسٹرکٹ ساوتھ میں واقع جونا مسجد تا مرزا آدم خان روڈ کو قبل از رمضان ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے مکمل طور پر فعال کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی بنیادی ضروریات اور تکالیف کا ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام کاروائی کو جلد زا جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ نمائندہ،،،،،، سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے بتایا کہ کراچی شہر کا انفرا اسٹرکچر بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لئے تیزی کے ساتھ کام جاری ہے اور محکمہ بلدیات سندھ شب و روز عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار مسلسل خدمت میں مصروف عمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں