محکمہ ایکسائزسندھ،مجموعی طور پر 62178 ملین روپےسے زائد ٹیکس وصول کیا، مکیش کمار چاؤلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹیکسز کی وصولی سے متعلق صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اعجاز احمد میمن، ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں جولائی 2020 سے فروری 2021 تک مجموعی طور پر ٹیکسز کی مد میں 62178.904 ملین روپے وصول کئے گئے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 54483.406 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 6493.287 ملین روپے اور انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 50386.038 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی مد 417.399 ملین روپے اور کاٹن فیس کی مد میں 80.037 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔جائیداد ٹیکس کی مد میں 1379.307 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 22.242 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل اپنے ٹیکس اہداف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملہ محکمہ ایکسائز کا فخر ہیں جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں