آصف علی زرداری بیوقوف نہیں،جواپنی سیاست نواز شریف کی خاطرداؤ پرلگائیں،فیاض الحسن چوہان

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عوامی جذبات کی نمائندگی کی دعویدار پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اتحاد کی ہنڈیا ایک دفعہ پھر بیچ چوراہے پھوٹ گئی۔ جو جماعتیں آپس میں ہی ایک پوائنٹ پر متفق نہیں، وہ عوام کی بھلائی کا کیا سوچیں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آنے پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری بیوقوف نہیں جو اپنی سیاست اس نواز شریف کی خاطر داؤ پر لگائیں گے جو اپنے بیٹوں، داماد، سمدھی سمیت خود مفرور ہے اور دوسروں کو استعفوں اور جیل بھرو تحریک کے مشورے دے رہا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے شریف خاندان کو حقیقت کا آئینہ دکھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارہا دہرا چکا ہوں ن لیگ کے پلے اب کچھ نہیں ہے۔ بہت جلد ن لیگ اور شین لیگ کے اندرونی اختلافات بھی پورا پاکستان دیکھے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے درست موقف پر فیصلہ کیا ہے۔ ن لیگ نے کبھی “آر یا پار” کا نعرہ لگایا، کبھی الیکشن سے بائیکاٹ کا۔ سینیٹ اور چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں بھی انکو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آئندہ ڈھائی سال بھی عوام اور پاکستان کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے مزید محنت کرتے رہیں گے۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا “کہ خوشی سے مر نہ جاتے اگر اعتبار ہوتا” کے مصداق انہوں نے واپس آنا ہوتا تو جھوٹ بول کے بھاگ نہ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جیت کے لیے حوالات کاٹنی پڑتی ہے، مار کھانا پڑتی ہے، سڑکوں پر نکلنا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں