دونوں ممالک کے مابین تمام تجارتی رکاوٹوں کودورکیا جائے گا

سرگودھا(ایچ آراین ڈبلیو)دونوں ممالک کے مابین تمام تجارتی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ آج کا یہ دورہ اِسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ یہ بات ساؤتھ افریقہ کے ہائی کمشنر ایم مادی کیزا نے اپنے دورہ ِ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکینِ مجلسہ عاملہ سے اپنے خطا ب میں کہی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کے بہترین مواقع موجود ہیں اُن کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا دونوں حکومتوں کے مابین دوستانہ تعلقات استوار ہیں جو کہ ہمارے لیے خوش آئند بات ہے۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے کہا دونوں ممالک میں کینو اور آم کی پیداوار کے موسم مختلف ہیں۔ جس سے ہم دونوں ممالک کے امپورٹ اور ایکسپورٹ کے شروع ہونے پر پورا سال فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔مزید اُنہوں نے کہا پاکستان میں سیرو سیاحت کے بہت سے خوبصورت مقامات موجود ہیں۔ ٹورزم کو فروغ دینے کے لئے ہم اِس پر پالیسی بنا رہے ہیں لیکن کووڈ کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔ مزید اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر سیکٹر میں ہماری بہت ریسرچ ہوئی ہیں اور مزید ہم اِس پر کام کر ر ہے ہیں۔ اور اِس ریسرچ کو ہم پوری دنیا میں پھیلائیں گے۔ اِس سے قبل ملک آصف امیر اعوان صدر سرگودھا چیمبر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سرگودھا میں تیار اور پیدا ہونے والی مصنوعات کو متعارف کروایا اور کہا کہ ہمارے علاقے کے کینو کی ساؤتھ افریقہ کی منڈیوں میں بہت مانگ ہے لیکن چند رکاوٹوں کی وجہ سے ہمارا کینو وہاں برآمد نہیں ہو پا رہا۔ اُنہوں نے اِن رکاوٹوں کو دور کرنے کی سفارشات کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز تجارت کے فروغ کے لئے اپنے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اور بزنس ٹو بزنس میٹنگ اور تجارتی وفود کے تبادلے دونوں ممالک کی تجارت کو فروغ دینے میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ تقریب کے آخر میں نائب صدر یاسر قیوم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں چیمبر کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں