بھارت کیساتھ تجارت بحال نہ کرنے کے فیصلے پراتفاق کرلیا گیا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کو حق خود ارادیت دئیے بغیر انڈیا کیساتھ تعلقات نارمل نہیں ہو سکتے۔وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں بھارت کیساتھ کسی قسم کی تجارت بحال نہ کرنے کے فیصلے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اس اہم اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزارت خارجہ نے بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت کے ساتھ تجارت بحال نہ کرنے کے فیصلے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی صورتحال بحال ہونے تک کسی قسم کی تجارت نہیں ہو سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں