پی ڈی ایم کے خالق بلاول بھٹوہیں،دراڑڈالنے کیلئے پیپلزپارٹی کونشانہ بنایاجارہا ہے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے خالق بلاول بھٹو زرداری ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم میں دڑار ڈالنے کے لئے پیپلز پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عملی طور پر حکومت کو مضبوط کرنے والی جماعتیں ہی ہیں وہ آج پیپلز پارٹی پر تنقید کررہی ہیں۔ آزادی مارچ کا اختتام کسی ڈیل پر ہوا اور کون کیا ڈیل کرکے ملک سے گیا ہم نے کبھی اس پر سوال نہیں اٹھایا۔ پیپلز پارٹی استعفوں کو آخری حربے کے طور پر استعمال کرنا چاہتی تھی اور ہمارے استعفے آج بھی اعلیٰ قیادت کے پاس موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے غیر مشروط طور پر شامل ہورہے ہیں اور ہم سیاسی عمل پر یقین رکھنے والی جماعت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کے صدر و وائس چیئرمین پاکستان شیعہ ڈیموکریٹک الائنس و چیئرمین ڈاکٹر ضمیر اختر فاؤنڈیشن سید محمد نقی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم سوشل میڈیا پاکستان کی انچارج و سابق سٹی کونسل ممبر اور ایم کیو ایم کی سرگردہ رہنماء تحسین عابدی نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، صوبائی وزیر شہلا رضا، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، لالہ عبدالرحیم، سہیل عابدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سعید غنی نے سید محمد نقی اور تحسین عابدی کو اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی عمل پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج کراچی سمیت سندھ بھر سے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی میں غیر مشروط طور پر شامل ہورہے ہیں۔ اس موقع پر سید محمد نقی نے کہا کہ ان کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ اس شہر اور صوبے کی خدمت کرنا ہے اور انہیں اس بات کا مکمل یقین ہے کہ یہ کام صرف پیپلز پارٹی ہی کرسکتی ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں