منشیات کے خاتمے کے لیے نارکوٹکس کنٹرول فورس کو مزید موثر بنا رہے ہیں۔ مکیش کمار چاؤلہ

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ محکمے میں سزا و جزا کے قانون کو مذید موثر بناتے ہوئے پراسکیوشن ڈپارٹمنٹ اور جوڈیشیل اکیڈمی کے ذریعے افسران کی صلاحیتوں کو بہتر کررہے ہیں تاکہ منشیات کے خاتمے کے لئے حائل روکاوٹیں کی جاسکیں یہ بات آج انہوں نے ڈائریکٹر جنرلز دفتر آئی آئی چندریگر روڈ میں منشیات کے خاتمے کے لیے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کرتے ہوئے بحیثیت مہمان خصوصی کہی۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ راجہ خرم شہزاد عمر ، ڈائریکٹر جنرل اورنگزیب اکبر پنھور ،
ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات وحید شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سعید میمن نے تقریب میں میزبانی کی فرائض انجام دئیے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرز نعمت اللہ جمالی، کلیم اللہ وسان، افسران ظہور الہی مزاری ، احمد یار کھوسو ودیگر کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے مذید کہا کہ تقریب کا مقصد افسران و عملے کی حوصلہ افزائی ہے۔منشیات کے خاتمے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ پراسکیوشن ڈپارٹمنٹ کی مدد سے نارکوٹکس ایکٹ کو بہتر بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول فورس کو ضابطہ اخلاق کو بھی بہتر بنا رہے ہیں جبکہ جوڈیشیل اکیڈمی میں افسران کی تربیت کا بھی انتظام کررہے ہیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے محکمے کی نیک نامی کا خیال رکھیں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور کارروائی کریں۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ دکھ کی بات ہے کہ منشیات فروش طلباء کو بھی منشیات کے استعمال پر لگا رہے ہیں۔نوجوان نسل کو منشیات سے روکنا نیکی کا کام ہے۔ اے این ایف سے بات کریں گے کہ وہ ہمارے عملے کو تربیت دیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر نے افسران کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقل میں ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں