پاک بحریہ نے یوم ِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاک بحریہ نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی عظیم قیادت کے وژن کے تحت منزل کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دہانی کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن مسلمانانِ بر صغیر نے ایک علیحدہ وطن کے مطالبے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تاکہ وہ برِ صغیر میں مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔ ہر سال یہ دن اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ ہم ایک متحد اور مضبوط قوم ہیں جو ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے۔دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سالمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ یوم پاکستان پر پاک بحریہ کے تمام جہازوں اورتنصیبات میں روایتی انداز میں پرچم کشائی کی تقریبات اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔یوم پاکستان پریڈ کا انعقاد شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں کیا گیا۔ پاک بحریہ کا چاک و چوبند دستہ بھی اس جوائنٹ سروسز پریڈ کا حصہ تھا، جس میں پاک بحریہ کی خواتین افسران، اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) اور پاک بحریہ بینڈ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کے جہازوں P3C Orion، Z-9 EC اور سی کنگ ہیلی کاپٹروں نے پریڈ کے دوران شاندار فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا۔ اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) کے پیراٹروپرز پر مشتمل پاکستان نیوی سی ایگل کی ٹیم ٹرائی سروسز اسکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔ ٹیم نے مختلف فری فال جمپنگ تکنیکوں کی نمائش کی، جس میں پیچیدہ حربے اور کامیابی سے اہداف پر اترنا شامل تھا۔دن کی دیگر سرگرمیوں کے دوران اورماڑہ اور گوادر میں مقامی ماہی گیروں کی بوٹ ریس، مباحثوں کے مقابلے اور بحریہ کالجز کے طلباء کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کے لیے اعزازات کی منظوری دی جس میں 03 ہلال امتیاز (ملٹری)، 07 ستارہ امتیاز (ملٹری)، 05 تمغہ امتیاز (ملٹری) اور ایک تمغہ بسالت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی پر چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے 40 ستائشی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں