وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لئے چین روانہ ہوگئے۔تفصیلات کےمطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی 3روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے،جہاں وہ افغانستان سے متعلق ٹرائیکا پلس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محموداسٹیٹ کونسلر، وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات کریں گے جبکہ روس، چین کے وزرائےخارجہ سے بھی ملاقاتین شیڈول ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی چین کے بعد روس کا بھی دورہ کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان نے ستمبر 2021 میں پڑوسی ممالک کے فارمیٹ کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد افغانستان کی صورتحال پر علاقائی نقطہ نظر کو تیار کرنا ہے۔پاکستان نے 8 ستمبر 2021 کو پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کی پہلی میٹنگ کی میزبانی کی ، دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے افغانستان سے متعلق علاقائی نقطہ نظر کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ترجمان کے مطابق “پاکستان ایک پرامن، مستحکم، خود مختار، خوشحال اور منسلک افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں