پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کے لئے اچھی خبر

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ملکی تیسری نجی ائیر لائن ائیر سیال نے افتتاحی پرواز لاہور ایئرپورٹ سے 160 مسافروں کے ہمراہ جدہ روانہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ائیر لائن ائیر سیال نے بین الاقوامی پروازوں کا آغازکردیا ، ائیر سیال کی افتتاحی پروازلاہور ایئرپورٹ سے 160 مسافروں کے ہمراہ جدہ روانہ ہوگئی۔ چیئرمین ائیر سیال،بورڈ آف ڈائریکٹرز افسران اور سی اے اے حکام نے مسافروں کورخصت کیا ، افتتاحی تقریب میں فاسٹ بولر حارث رؤف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین فضل جیلانی نے کہا کہ ڈومیسٹک آپریشن کے بعدبین الاقوامی پروازوں کاآغاز اِئیرسیال کی بڑی کامیابی ہے، پہلے مرحلے میں لاہور،اسلام آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار 8 پروازیں چلائی جائیں گی۔ فضل جیلانی کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں کراچی،ملتان اور سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پروازیں آپریٹ ہوں گی، ائیر سیال کی پروازیں ائیر بس 320 کے ذریعے چلائی جارہی ہیں، جلد فضائی بیڑے میں بڑے طیاروں کو شامل کیا جائے گا۔