شہر قائد میں پارہ آج بھی 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) شہر قائد کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ پارہ آج بھی 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت مغرب کی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اندرون سندھ میں موسم شدید گرم اور ہیٹ ویو جاری ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت موہن جودڑو میں 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر آنے والے دنوں میں برقرار رہے گی، ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں جبکہ کراچی میں فی الحال ہیٹ ویو کا امکان نہیں۔