اپنی پوری ٹیم سے خوش ہوں اور دل سے شاباش دیتی ہوں، مریم نواز

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اپنی پوری ٹیم سے خوش ہوں اور دل سے شاباش دیتی ہوں۔ مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق عید الاضحیٰ اور دیگر انتظامی امور سے متعلق مجموعی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے عید پر عمدہ کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیموں کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اسی جوش و جذبے سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رہنا چاہیے، ہر ڈسٹرکٹ میں عید کی طرح مانیٹرنگ کے لیے مستقل کنٹرول روم ہونا چاہیے، عوامی نمائندوں اور عوام کی طرف سے عید کی صفائی پر مثبت رد عمل آیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ قائد محمد نواز شریف نے خود وزٹ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سراہا، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی تعریف ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کا کرایہ کم کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیم نے خوب کام کیا، فیول پرائس کم ہونے پر کرایوں میں کمی کا ریلیف عوام کو ملنا چاہیے تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ محرم الحرام، فلڈ اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کیے جائیں، بنیادی اشیاء خورونوش کی سستے داموں کی فراہمی کے لیے پائیدار میکانزم بنایا جائے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک وزیرِ اعلیٰ نے حسرت سے کہا کاش ہماری بیوروکریسی اور ایڈمنسٹریشن پنجاب جیسی ہو جائے، کسی کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آنا چاہتی، سختی کروں تو دل پر بوجھ ہوتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کے حقوق کے سلسلے میں اللّٰہ تعالیٰ اور قوم کو جوابدہ ہوں۔