کراچی کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی۔ کئی روز سے جاری ہیٹ ویو کے بعد شہر میں کالی گھٹائیں چھاگئیں اور بارش کی جھڑی لگ گئی جس کے نتیجے میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ آسمان سے اترتی گنگناتی بوندوں نے موسم کو خوش گوار کردیا جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا اور سائٹ ایریا میں تیز ہوا کے جھکڑ چلے اور ساتھ ہی رم جھم برسنے لگی۔ ابرکرم برستے ہی بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جس سے لوگوں کو معمولات زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ اورہفتے کوبھی شہرمیں آندھی وگرج چمک کےساتھ بارش کی توقع ہے۔